ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دفعہ 370 پر جموں و کشمیر اسمبلی میں شدید ہنگامہ، بی جے پی اراکین کی پُرتشدد کارروائیاں، مارپیٹ روکنے کے لیے مارشلس کی مداخلت

دفعہ 370 پر جموں و کشمیر اسمبلی میں شدید ہنگامہ، بی جے پی اراکین کی پُرتشدد کارروائیاں، مارپیٹ روکنے کے لیے مارشلس کی مداخلت

Thu, 07 Nov 2024 17:07:39  SO Admin   S.O. News Service

سری نگر، 7/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)  جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ایک بار پھر شدید ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ جب دفعہ 370 کی بحالی کے حق میں بینر اسمبلی میں لایا گیا تو بی جے پی کے اراکین غصے میں آ گئے اور پُرتشدد ہوگئے۔ یہ بینر عوامی اتحاد پارٹی کے ایم ایل اے خورشید احمد شیخ نے لایا تھا، جو انجینئر رشید کے بھائی ہیں۔ جیسے ہی شیخ نے یہ بینر اسمبلی میں دکھایا، حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے اراکین کے درمیان تیز بحث اور جملوں کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ ہنگامہ اتنا بڑھا کہ اراکین ایک دوسرے کو دھکیلنے اور کھینچنے لگے، اور معاملہ مارپیٹ تک پہنچ گیا۔ اس صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے مارشلس کو مداخلت کرنا پڑی۔

جمعرات کو جیسے ہی اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی حزب اختلاف بی جے پی کے رہنماؤں نے بدھ کو ایک قرار داد منظور ہونے پر ہنگامہ کیا۔ قرار داد میں مرکز کو پہلے جیسی ریاست کی خصوصی حالت کو بحال کرنے کے لیے ایک آئینی نظام پر کام کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر سنیل شرما قرار داد پر بول رہے تھے کہ اسی دوران خورشید احمد شیخ نے بینر کو دکھایا۔ جواب میں بی جے پی اراکین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بینر کو چھین لیا اور اسے پھاڑ دیا، جس کے بعد پورے اسمبلی میں ہنگامہ مچ گیا۔

اس درمیان ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے اسپیکر عبدالرحیم نے اسمبلی کی کارروائی 15 منٹ تک کے لیے معطل کر دی۔ واضح ہو کہ بدھ کو بھی نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری کے ذریعہ دفعہ 370 کو بحال کرنے کی قرار داد پیش کیے جانے کے بعد ہنگامہ ہو گیا تھا۔ قرار داد کی سنیل شرما نے سخت مخالفت کی تھی جس کے بعد اسمبلی میں دونوں طرف کے رہنماؤں کے درمیان تیکھی بحث شروع ہوگئی تھی۔


Share: